کاروار 4؍جنوری ( ایس او نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریش کوگیلے گیرے نے عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق انسانی کا شعور عوام کے اندر بیدار ہوجائے تو پھر جرائم کے گراف میں بھی بڑی کمی آ سکتی ہے۔
عالمی یوم حقوق انسانی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر دفتر کے ہال میں ریاستی حقوق انسانی کمیشن بنگلورو،ضلع قانونی امداد سیل اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس کا افتتاح کرتے ہوئے جج سریش کوگیلے گیرے نے اپنے ان خیالات کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی دستور میں جو بنیادی حقوق دئے گئے ہیں ، وہی دراصل انسانی حقوق ہیں۔ لیکن ان کی خلاف ورزی بھی بڑے پیمانے پر ہوا کرتی ہے۔اور اکثر وبیشتر متاثرہ افراد کورٹ کچہری کے چکر سے بچنے کے لئے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو عزت و آبرو کے ساتھ زندگی گزارنے ، گھومنے پھرنے اور تنقید کرنے کاحق حاصل ہے۔انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہاکہ کئی مرتبہ بنیادی انسانی حقوق کو پامال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔پیدائش سے پہلے بچے کی جنس معلوم کرنا،ماں کے پیٹ کے اندرجنین کو قتل کرنا اور اس طرح کی دیگر حرکتوں سے انسانی حقوق کی پامالی کا آغاز ہوتا ہے۔انسان ایک سماجی جاندار ہونے کی وجہ سے اپنے جیسے دوسرے انسانوں کے حقوق کا تحفظ اس کی ذمہ داری ہے۔دوسروں کے حقوق کے تحفظ میں افسران کا کردار اہم ہوتا ہے۔انسانی حقوق کی حمایت میں ہر کسی کو آواز بلند کرنا چاہیے۔
سینئر سول جج اور ضلع قانونی امداد سیل کے رکن سکریٹری دیویندر پنڈت نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دولت اور جائیداد کی حرص و ہوس رکھنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے زیادہ تر انسانی حقوق کی پامالی ہوا کرتی ہے۔ان حقوق کا تحفظ کرنا تمام افسران کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر اس میں پولیس افسران کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔دنیا میں انسان کو ماں کے پیٹ سے قبر تک بھی بنیادی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔دستور ہند کے بنیادی اجزا میں انسانی اقدار کو شامل کیا گیا ہے۔جس کے مطابق ہر انسان کو سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر مساوات کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ ہم کسی کی حق تلفی نہ کریں اور کسی کو اس طرح کرنے نہ دیں۔
اس پروگرام میں ضلع پنچایت کے سی ای اومسٹر ایل چندر شیکھر نایک،ضلع وکیل سنگھا کے صدر اودئے نایک، گوپال شیٹی، ایڈیشنل ڈی سی ایچ پرسنا وغیرہ اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔